عادل منصوری - ‫Adil Mansuri - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2008/11/15

عادل منصوری - ‫Adil Mansuri

اردو/گجراتی کے معروف شاعر اور مصور عادل منصوری ، 6-نومبر-2008ء کو نیوجرسی میں وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
‫1936ء میں احمدآباد ، گجرات میں پیدا ہونے والے عادل منصوری اپنے والدین اور خاندان کے ساتھ 1948ء میں کراچی شفٹ ہوئے تھے پھر 1955ء میں واپس ہندوستان لوٹ آئے۔
‫1985ء میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ نیوجرسی (امریکہ) منتقل ہو گئے تھے۔ آپ کے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ 2 فرزندان اور 3 دختران شامل ہیں۔

عادل منصوری کا شمار اُس دور کے ان درجنوں بالکل نئے شاعروں میں ہوتا ہے جو 1968ء میں "نئے نام" (مرتبہ: شمس الرحمن فاروقی اور حامد حسین حامد) نامی انتخاب کی اشاعت کے ساتھ سامنے آئے تھے۔
شمس الرحمن فاروقی نے ان کے مجموعے "حشر کی صبح درخشاں ہو" کا تعارف کراتے ہوئے لکھا ہے کہ ‫:
عادل منصوری ہمارے عہد کے سب سے زیادہ تازہ کار اور سب سے زیادہ مہم جو اور باہمت شاعر ہیں۔

شمس الرحمٰن فاروقی کی ادارت میں الہ آباد سے شائع ہونے ادبی رسالے "شب خون" (جو کہ ابھی حال میں مستقلاً بند ہو چکا ہے) کے سرورق کی عکاسی زیادہ تر عادل منصوری کے ہی مصور پاروں کی رہین منت رہی ہے۔

مفید روابط ‫:
عادل منصوری انتقال کر گئے
عادل منصوری کی نظمیں : چند پہلو
حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسم گرامی کی خطاطی

نیوجرسی ، فروری 2007ء میں کہی گئی عادل منصوری کی ایک غزل ملاحظہ فرمائیں ‫:

سورج کا ہر اک شئے سے سروکار الگ ہے
ہے رات الگ ، صبح کا اخبار الگ ہے

کچھ خون کی سرخی سی چمکتی ہے زمین پر
سَر دھڑ سے الگ ، ہاتھ سے تلوار الگ ہے

سنتے تھے بہت شور مسیحائی کا جس کی
اب وقت پڑا ہے تو وہ بیمار الگ ہے

ڈھوتے ہیں شب وروز یہ الفاظ کی اینٹیں
رہتی ہے ادھوری ہی وہ دیوار الگ ہے

کونے میں اُدھر اونگھتی خاموشی کا پَرتَو
کاغذ پہ ادھر لفظ کی تکرار الگ ہے

کُھلتے ہیں چلے جاتے ہیں یہ میرے پُلندے
اور سب سے بڑا آخری طومار الگ ہے

ہر روز کسی جنگ میں مصروف ہوں میں بھی
سایا بھی میرا برسرِ پیکار الگ ہے

اب کان پڑے کچھ بھی سنائی نہیں دیتا
لیکن تری پازیب کی جھنکار الگ ہے

ہر سمت زمین تنگ ہوئی جاتی ہے عادل
اوپر سے یہ افلاک کی یلغار الگ ہے

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں